کراچیٰ (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں کراچی میں مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں اہل کراچی جوش و خروش سے شریک تھے ، کراچی کے طول وعرض سے بڑی تعداد میں خواتین ، طالبات ،بچوں نے بھی شرکت کی-
حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے غزہ مارچ میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد کی شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی قبلہ اول کی آزادی اور فلسطین سے ظالم اسرائیل کے انخلا تک احتجاج جاری رکھے گی ۔ ہماری ہر سرگرمی اہل غزہ کے نام ہے۔بیت المقدس امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے مارچ کی کامیابی میں کراچی کے نظم اور کارکنان کی انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کیا اور عوام سے اپیل کی کہ فلسطین کی اخلاقی و مالی مدد اور اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم جاری رکھیں ۔
انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت کے فیصلہ کے بعد رفح میں صہیونی افواج نے دو دفعہ بمباری کی جس میں بڑی تعداد میں معصوم فلسطینی عوام جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں شہید ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان حکمران اور خصوصی طور پر پاکستان کے حکمران اس ظلم و سفاکیت پر خاموش ہیں۔
جماعت اسلامی پاکستان نے مسلمان حکمرانوں کو بیدار کرنے کے لیے کراچی میں غزہ ملین مارچ کا انعقاد کیا – علاوہ ازیں مارچ میں ڈپٹی سیکرٹری طیبہ عاطف ، عطیہ نثار اور ڈائریکٹر تعلقات عامہ دردانہ صدیقی سمیت مرکزی ذمہ داران نے شرکت کی