مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فوج کا ضلع پونچھ میں ایک بڑا فوجی آپریشن


جموں: مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فوج  نے ضلع پونچھ میں ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کردیا ہے،علاقے میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی گئی۔سرینگر ،پلوامہ اور سوپور کے کئی علاقوں میں تلاشی آپریشن کے دوران کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے

کے پی آئی کے مطابق قابص بھارتی فوج نے پونچھ کے وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کردیا ہے ،فوج اور پیرا ملٹری دستوں نے جمعرات کی شام ضلع کے علاقے مارہ بفلیار کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ لوگوں کو آنے جانے پر پابندی ہے جبکہ ڈرو نز سے علاقے کی نگرانی کی جارہی ہے ،تلاشی کی کارروائی علاقے میں بھارتی فوجیوں پر ایک حملے کے بعد شروع کی گئی۔ آخری اطلاعات تک تلاشی آپریشن جاری تھا۔

علاوہ ازیں سرینگر ،پلوامہ اور سوپور کے کئی علاقے مسلسل فوجی محاصرے میں ہیں ، قابض فورسز اہلکاروں نے سرینگر اور پلوامہ اضلاع کے مختلف علاقوں سے چار نوجوان گرفتار کر لیے۔پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ان چاروں کو شوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد پھیلانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ۔ پولیس نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز فراہم کرنے کیلئے اسے عسکریت کا ساتھی قرار دیا ہے۔