مظفرآباد(صباح نیوز)آفیسرویلفیئر ایسوسی ایشن یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر مظفرآباد کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت ،صدر ایسوسی ایشن سردارمجیب الرحمان چہلہ کیمپس میں گزشتہ روزمنعقد ہوا۔اجلاس میں جامعہ کشمیر کے آفیسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اجلاس میں قرارد داد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیاگیا ۔
یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کے جملہ آفیسران کے نمائندہ اجلاس نے یونیورسٹی کے چند ریٹائرڈ اور ایک سزا یافتہ ملازم کی طرف سے احتساب بیورو میں من گھڑت اور بے بنیاد الزامات پر مبنی درخواست بازی کے ایک لا متناعی سلسلہ کی بھر پور الفاظ میں مزمت کی ۔قرار داد میں کہا گیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ایک شکایت کا جواب دیتی ہے تو یہی شر پسند گروہ بلیک میلنگ کی غرض سے ذاتی مقاصد کے حصول کی خاطر الفاظ کے ہیر پھیر کے ساتھ ایک نئی درخواست احتساب بیورو میں دائر کر دیتا ہے۔ قرار داد میںکہا گیا کہ یونیورسٹی میں چیک اینڈ بیلنس کا ایک موثر نظام موجود ہے ۔یونیورسٹی کا کوئی بھی ملازم حاضر سروس یا ریٹائرڈ اگر اپنے آپ کو متاثرہ شخص سمجھتا ہو تو وہ یونیورسٹی سنڈیکیٹ اور صدر آزاد کشمیرچانسلر کو درخواست دینے کے علاوہ اعلیٰ عدلیہ سے بھی رجوع کر سکتا ہے،چونکہ یونیورسٹی کے سروس معاملات سے متعلق داد رسی کے لیئے یہی مجازفورمز ہیں۔ یونیورسٹی آفیسران نے احتساب بیورو کی طرف سے بغیر کسی ثبوت کے اور داخل دفتر کیے گئے معاملات، جن پر مکمل تحقیقات ہو کر شکایات خلاف حقائق قرار دی جا چکی ہیں پر بار بار ہر نئی درخواست پر نئے سرے سے انکوائری کے عمل پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے یونیورسٹی آفیسران اور یونیورسٹی کے قیمتی وقت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے اس پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ یونیورسٹی آفیسران نے قرار داد میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بحیثیت مجموعی یونیورسٹی جیسے اعلیٰ تعلیمی ادارے اور اُس کے احکام و آفیسران کی ساکھ و وقار پر جھوٹ اور بہتان طرازی کے جاری سلسلے کے خلاف ہر ممکن کردار ادا کریں گے اور اگر یونیورسٹی حکام و آفیسران کو بناء کسی ثبوت کے حراساں کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو وہ کسی بھی قسم کے سخت رد عمل سے بھی گریز نہیں کرئینگے۔
اجلاس میں یونیورسٹی آفیسران نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن چوہدی محمد طیب کی گرفتاری پر بھی شدید تشویش کا بھی اظہار کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ احتساب بیورو بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے جھوٹ اور مفروضوں پر مبنی درخواستوں پر کارروائی سے گریز کرئیگا۔ اجلاس میں آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے فوری طور پر اپنے نئے انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کرتے ہوئے محمد صغیر،ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کر دیا۔آفیسر ویلیفئر ایسوسی ایشن نے حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے جامعہ کشمیر کے لیئے مالی معاونت کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری ،وزیر اعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق، چیف سیکرٹری ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن ،سیکرٹری مالیات سمیت اس ضمن میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی بھرپور تحسین کرتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا۔ یونیورسٹی آفیسران نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ ،یونیورسٹی کے وقار کے تحفظ اور یونیورسٹی کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔