برسلز(صباح نیوز) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سیدبرسلز:چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے خبردار کیا ہے کہ دشمن آزاد کشمیر کی خراب صورتحال کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ آمرانہ طرز عمل اور طاقت اور جبر کا استعمال مسئلے کا حل نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر میں مظاہرین پر تشدد اور امن و امان کی صورت حال بگڑنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن مذاکرات کے ذریعے لوگوں کے مطالبات کو پورا کیا جائے۔
انہوں نے برسلز سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان کہاکہ آزاد کشمیر کے مظاہرین پر طاقت کے استعمال سے مسئلہ مزید بگڑ جائے گا اور دشمن اس صورتحال سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ مظاہرین کے مطالبات جائز ہیں اور ان پر تشدد کسی کے مفاد میں ہیں۔ تشدد کے بجائے مظاہرین سے بات چیت کی جائے۔ آٹا اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف احتجاج کرنا لوگوں کا حق ہے۔ لوگوں کے جذبات کو سمجھا جائے اور ان کا احترام کیا جائے۔
علی رضا سید نے کہاکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے لوگوں کی بات سنیں، انکے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کریں اور ان کا پرامن حل تلاش کریں۔انہوں نے کہاکہ مظاہرین کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ پرامن رہیں اور کسی بھی صورت تشدد کا راستہ اختیار نہ کریں۔ نیز شرارتی عناصر ہرگز اجازت نہ دیں کہ وہ صورتحال کا فائدہ اٹھا کراحتجاج کو پرتشدد بنائیں۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے آزاد کشمیر میں مظاہرین پر تشدد خاص طور پر میرپور میں ایک سب انسپکٹر کی موت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر سخت تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے جانبحق ہونے والے پولیس سب انسپکٹر کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہاکہ اس واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیں۔
علی رضا سید نے کہاکہ اگر حکومت نے پرامن حل تلاش نہ کیا اور صورتحال مزید بھگڑ گئی تو پھر دشمن اس سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا جو آزاد کشمیر اور پاکستان دونوں کے مفاد میں نہیں۔ اس سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور تشدد کے خلاف ہمارا موقف کمزور ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت جو اس وقت انتخابی مہم چلارہی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھی انتخابی ڈھونگ کے ذریعے دنیا کی نظریں مسئلہ کشمیر سے ہٹانا چاہتی ہے، آزاد کشمیر کی صورتحال کو اپنے مفاد میں حربے کے طور پر استعمال کرسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے لوگوں نے نہ صرف پاکستان کے دفاع کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں بلکہ بجلی کی پیدوار اور دیگر معاشی امور کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے حکام ہوش کے ناخن لیں اور آزادکشمیر کے معاملات پر ناقص اور کمزور پالیسیوں سے گریز کرکے پاکستان کے دفاع اور مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو مضبوط بنائیں۔ دشمن کو ہرگز موقع نہ دیں کہ وہ حالات کو مزید خراب کرنے کے لیے سازش کرے۔علی رضا سید نے کہاکہ انہوں نے آزاد کشمیر کی گھمبیرصورتحال پر صدور اور وزرائے اعظم سمیت پاکستان اور آزاد کشمیر کے اعلی حکام کو خطوط بھی لکھے ہیں۔