غلط معلومات پھیلانا ریاست کی سالمیت کیلئے خطرہ ہے، آرمی چیف


راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ غلط معلومات پھیلانا ریاست کی سالمیت کیلئے خطرہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں لاہور کور کی فارمیشن کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔

بعد ازاں آرمی چیف نے مختلف جامعات کیوائس چانسلرز، اساتذہ، طلبہ سے تبادلہ خیال کیا جن میں لمز، ایف سی یو، یو ای ٹی ، ایل ایس ای ، پی یو، جی سی یو کی فیکلٹی اور طلبہ  شامل ہیں۔

آرمی چیف نے مستقبل کی قیادت اور مفید شہری بنانے پر معروف تعلیمی اداروں کی تعریف کی اور کہا کہ تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر اور ماحولیات میں انسانی ترقی کی اشد ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ غلط معلومات کا پھیلانا رائے سازی کو متاثرکرتا ہے اور یہ ریاست کی سالمیت کیلئے بھی خطرہ ہے۔آرمی چیف نے غلط معلومات کا مقابلہ کرنے اور دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کی ضرورت پرزور دیا۔ اس موقع پرکورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل محمدعبدالعزیزبھی موجودتھے۔