اسلام آباد: جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے شہدائے عالی کدل کو زبر دست خراج عقیدت
اور تہاڑ جیل میں قیدیاسین ملک کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔جملہ شہدا کی یاد میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ساجد محمود صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار، مرکزی وائس چیئرمین سلیم ہارون، مرکزی سیکریٹری مالیات خواجہ منظور احمد چشتی، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سردار جاوید حنیف، مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر سردار محمد انور خان، سابق وائس چیئرمین عابد گلگتی اور ممبر سپریم کونسل سردار جمشید خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
دعائیہ تقریب میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سابق جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین اور سینئر رہنما حسن البنا سمیت لبریشن لیگ کے رہنما پروفیسر عطااللہ دینپوری نے بھی شرکت کی ۔19نومبر 1992میں کے روز عالی کدل سرینگر کے مقام پر دریائے جہلم پار کرتے ہوئے بھارتی قابض افواج کی طرف سے بلاجواز اور بے تحاشا فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے جملہ شہدا کی یاد میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ و جموں کشمیر سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام منعقد مختلف تقریبات و اجلاسوں میں شرکا نے زبر دست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدائے جموں کشمیر کو قوم کے ماتھے کا جھومر اور ریاست جموں کشمیر کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔
ترجمان جموں وکشمیر لبریش فرنٹ کے بیان کے مطابق شہدائے عالی کدل شہید حریت شیخ عبدالحمید، شہید کارواں مشتاق احمد لون، شہید وحدت ایڈووکیٹ جمیل چوہدری، شہید مشتاق احمد کٹے، شہید منظور احمد خان، شہید فیاض احمد شیخ اور شہید غلام محمد ریاست جموں کشمیر کے ایسے عظیم حریت پسند سپوت تھے جنہوں نے ریاست کی مکمل آزادی و خودمختاری کی خاطر خود کو قربانی کے لئے پیش کیا۔ بیان کے مطابق تقریبات میں بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ کے برادر غلام نبی بٹ کو، ان کی برسی کے موقع پر، تحریک آزادء جموں کشمیر کے تئیں گرانقدر خدمات کے پیش نظر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق شہدائے عالی کدل میں سب سے نمایاں نام شہید حریت شیخ عبدالحمید ہیں، جو جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام صدر اور حاجی گروپ کے اہم رکن ہی نہیں بلکہ شہید اشفاق مجید وانی اور قائد انقلاب محمد یاسین ملک کے قابل اعتماد و قریبی ساتھی بھی تھے۔ بیان کے مطابق انہوں نے اپنی انتھک محنت، لگن، اخلاص اور خداداد صلاحیتوں کی بدولت نہ صرف پارٹی کو منظم رکھا بلکہ بھارتی جبرواستبداد کے خلاف برسر پیکار بھی رہے۔ شہید حریت شیخ عبدالحمید اولین حریت پسندوں میں سے تھے جنہوں نے لبریشن فرنٹ کی کال پر لبیک کہا اور حاجی گروپ کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر بھارت جیسی بڑی فوجی قوت کو اپنی قومی آزادی اور حصول حق خودارادیت کی خاطر لکارا۔
بیان کے مطابق وطن کے اس حصے یعنی تراڑکھل آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے شہید وحدت جمیل چوہدری ایڈووکیٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شرکا نے کہا کہ شہید جذبئہ ایثار و قربانی سے سرشار پختہ نظریاتی کارکن تھے جنہوں نے سرینگر میں مختلف پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کو اس کے صحیح تناظر میں پیش کیا اور اس بنا پر شہید موصوف مقامی آبادی میں خوب نام کما چکے تھے۔ بیان کے مطابق چھانپورہ سرینگر سے تعلق رکھنے والے شہید کاروان مشتاق احمد لون نہایت ہی نیک سیرت اور زیرک شخصیت ہی نہیں بلکہ تنظیمی اور تحریکی اعتبار سے ایک بہترین آرگنائزر تھے۔ بیان کے مطابق ریاست بھر میں منعقد جملہ تقریبات میں شہدائے عالی کدل کے چوٹی کے رہنماوں سمیت ڈاون ٹاون سرینگر کے مقامی قائدین شہید مشتاق احمد کٹے، شہید منظور احمد خان، شہید فیاض احمد شیخ اور شہید غلام محمد کو ان کی قربانیوں کے پیش نظر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق شرکائے تقریبات نے ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی و خودمختاری کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان کے مطابق سنٹرل انفارمیشن آفس میں شہدائے عالی کدل کی یاد میں منعقد دعائیہ تقریب میں مقررین نے بابائے قوم محمد مقبول بٹ شہید اور قائد تحریک امان اللہ خان مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھارتی تہاڑ جیل میں محبوس ریاست جموں کشمیر کے ہردلعزیز قومی رہنما، قائد انقلاب و چیئرمین لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک اور عمر قید کی سزا میں گذشتہ سال سے قید پارٹی کے سینئر رہنما نذیر احمد شیخ سمیت جملہ، مرد و زن، اسیران وطن کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، جو آج بھی بھارت کے عقوبت خانوں میں صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔ ۔ترجمان کے مطابق شرکائے مجالس نے شہدائے عالی کدل سمیت جملہ شہدائے جموں کشمیر کے بلندئے درجات اور جملہ اسیران وطن کی فوری رہائی و صحتیابی اور جدوجہد میں مصروف جملہ قائدین و کارکنان کے حق میں دعا کی۔