کراچی کی دفاعی نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا خواجہ آصف


 کراچی (صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، پاکستان دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اپنا منفرد کردار ادا کررہا ہے، کراچی کی دفاعی نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا۔ دفاعی نمائش آئیڈیا 2024 میں دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھا سکیں گے کراچی میں 4 روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیا 2024 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مثبت اشاریوں کی جانب گامزن ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو دنیا بھر میں امن کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے

۔خواجہ آصف نے کہا کہ علاقائی امن، سماجی، اقتصادی ترقی کے لیے رابطوں کا فروغ ضروری ہے، پاکستان مذاکرات سے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پارہی ہے، پبلک پرائیویٹ سیکٹرز دفاعی پیداوار میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، دفاعی ضروریات کی برآمدات سے معیشت مضبوط ہوگی۔دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال بھی شریک ہوئے

۔دفاعی نمائش  میں اینٹی ڈرون سسٹم اسپائیڈر بھی  رکھا گیا تھا، اینٹی ڈرون سسٹم اسپائیڈر 10 کلومیٹر دور سے ڈرون کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دوسری جانب، ڈرون شاہپر تھری 3 ہزار کلومیٹر رینج میں اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، شاہپر تھری 30 ہزار فٹ بلندی تک مسلسل 40 گھنٹے اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، شاہپر تھری 16 ہزار کلوگرام بارودی مواد اور میزائلوں سے لیس ہے۔دفاعی نمائش 2024 کے 12ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈیفنس ایکسپورٹس پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کے ڈی جی میجر جنرل اسد نواز خان نے مختلف ممالک سے آئے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ دفاعی نمائش انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے دفاعی نمائش کے انعقاد پر مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی نمائشوں سے ملکی دفاعی صنعت کو فروغ حاصل ہوگا۔