اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی زیر قیادت سعودی عرب کا اعلی سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نور خان ایئر بیس پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی پاکستان آمد پر سعودی سفیر اور اعلی حکام بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے،اس موقع پر بچوں نے سعودی وزیر کو پھول پیش کیے اور آرمی بینڈ کی جانب سے اسٹیٹک گارڈ کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
سعودی عرب کے وفد میں سعودی وزیر برائے پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفادلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائف، نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد مازید التویجری اور وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے سینئر حکام شامل ہیں۔یہ دورہ بنیادی طور پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیر اعظم محمد بن سلمان کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران دو طرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں طے پانے والی مفاہمت کو تیز کرنے کے لیے ہو رہا ہے۔
سعودی وفد کی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ہم منصب وزرا، چیف آف آرمی اسٹاف اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ۔ سعودی وفدپاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کاجائزہ لے گا۔ اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مثبت تحریک دینا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان درینہ برادرانہ تعلقات ہیں، یہ دو روزہ دورہ دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا جب کہ دورہ اقتصادی شراکت داری کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ چند دن قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کیا تھا اور اس دوران عمرے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ روضہ رسولۖ پر حاضری کا شرف بھی حاصل کیا تھا۔دورے کے دوران وزیر اعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی اور انہیں ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی تھی۔گزشتہ روز ایک تقریب کے دوران شہباز شریف نے کہا تھا کہ ابھی ہم سعودی عرب سے واپس لوٹے ہیں اور جلد ہی سعودی عرب کا اعلی سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، یہ سعودی حکومت اور عوام کی پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت کی عکاس ہے