اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی(روڈا) کی بحالی کا عبوری حکم واپس لیتے ہوئے روڈا کو کام کرنے سے روکنے کے لاہور ہائیکورٹ کے عبوری حکم کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیلیں نمٹا دیں ۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے روڈا کو کام کرنے سے روکنے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیلوں پر سماعت کی ۔ عدالت عظمیٰ نے قرار دیا ہے کہ راوی اربن منصوبہ کیس میں ہائیکورٹ کا حتمی فیصلہ آ چکا ہے،عبوری حکم قانون کے تحت حتمی فیصلے میں ضم ہوچکا ہے، حتمی فیصلہ آنے کے بعد عبوری حکم کیخلاف اپیلیں غیر موثر ہوچکی ہیں، پنجاب حکومت چاہے تو ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کر سکتی ہے۔ دوران سماعت روڈا کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ دو ہفتے کا وقت دیں لاہور ہائیکورٹ احکامات کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔
اس دوران جسٹس اعجازالاحسن نے روڈا کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ آچکا ہے اپیلوں کو لٹکانے کا کوئی فائدہ نہیں، کوئی قانونی نقاط اٹھانا چاہتے ہیں تو فیصلے کیخلاف اپیل میں اٹھا دیں۔
عدالت عظمی نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا ) کی بحالی کا عبوری حکم واپس لیتے ہوئے روڈا کو کام کرنے سے روکنے کے لاہور ہائیکورٹ کے عبوری حکم کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیلیں نمٹا دیں۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے روڈا کو کام کرنے سے روکنے کا لاہور ہائیکورٹ کا عبوری حکم سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔