اسلام آباد(صباح نیوز)رمضان اوپن کچن کے تحت غریب اور مستحق افراد کی مدد کے لئے مسلم ہینڈز پاکستان روزانہ کی بنیاد پر اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں 300مستحق خاندانوں کو اعلیٰ معیار کے پکے کھانوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔مسلم ہینڈز پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر سید ضیا النور کے مطابق ماہ رمضان کے دوران فلاحی کاموں میں نوجوان رضا کار بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جبکہ امریکہ ،کینیڈا، آسٹریلیا، برطانیہ، یورپ سمیت دیگر ممالک سے ڈونرز رمضان اوپن کچن اور راشن پیکج کے ذریعے دکھی اور مستحق خاندانوں کی مدد کیلے بھرپور تعاون کررہے ہیں۔
ضیا النور نے بتایا کہ مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کوشاں ہے کہ اللہ تعالی کی مخلوق کی باعزت طریقے سے ماہ مقدس کے دوران اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ افطار سے قبل اعلیٰ کوالٹی کا کھانا تیار کرکے مستحق خاندانوں کے گھروں تک پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ رمضان المبارک کے دوران اچھے اور نیک مقصد کیلے ضرورت مند افراد کی مدد کیلئے ملک کے دوسرے شہروں میں بھی رمضان اوپن کچن اور راشن پروگرام جاری ہے۔ ملک میں اسوقت مہنگائی میں بھی اضافہ ہوچکا ہے ،لوگ بہت پریشان ہے جس کی سفید پوشی کا احترام کرتے ہوئے مسلم ہینڈ اپنے مشن پر گامزن ہے۔