لاہور (صباح نیوز)ملک بھرمیں تیزی سے بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں میگا پلانٹیشن جاری رکھے ہوئے ہے اور اِسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن چھاؤں فاؤنڈیشن کے اشتراک سے رواں سال لاہور میں 10 لاکھ پودے لگائیگی۔
لاہور سمیت ملک بھر میں میگا پلانٹیشن کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن اور چھاؤں فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے پریس بریفنگ دی جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدور ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، ذکر اللہ مجاہد، لاہور کے سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز نذیر، چھاؤں فاؤنڈیشن کی بانی و چئیرمین ڈاکٹر شہناز رف اور یونیورسٹی آف لاہور کے بورڈ آف چئیرمین اویس روف ، شعیب ہاشمی ، صنان اکبر و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے بتایا کہ الخدمت نے لاہور کی بیشتر سائٹس پر اربن فارسٹ قائم کر دیے ہیں۔ جبکہ اِس سیزن کی شجر کاری میں سرکاری سکولزو کالجز سمیت عوامی مقامات پر بھی پودے لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن محض پودے نہیں لگا رہی بلکہ ان کی حفاظت اور دیکھ بھال کے انتظام کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ کوڑے کے ڈھیروں کو ہریالی میں بدلیں گے، لاہورکوسموگ فری اور سرسبزو شاداب بنائیں گے۔ آلودگی کے خلاف مہم کے دوران طلبہ اور نوجوانوں میں آگاہی پیداکرکی انھیں اس مہم کا حصہ بنائیں گے۔ مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا اور لاہور شہر کو اسموگ فری بنا کر صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔
ڈاکٹر شہناز رف نے کہا کہ چھاؤں فاؤنڈیشن اِس احساس کو زندہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ ہم سب مل کر اِس نیچر کا خیال رکھیں۔یہ زمین ہمیں اتنا کچھ دیتی ہے ۔ بدلے میں ہمیں بھی اِس زمین کا خیال رکھنا ہے اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ آج لگائے جانے والے پودے کل معاشرے کے لیے تسکین کاباعث ہوں گے،درختوں کی کمی کی وجہ سے اسموگ میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ درخت لگانے سے آلودگی میں کمی ہوگی اسی لیے ہم پورے ملک میں ایک کروڑ درخت لگانے کہ اس عزم میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے اور لاہور کو اسموگ فری بنانے کے اس مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں گے۔ پریس بریفنگ کے اختتام پر مہمانوں نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے دفتر میں پودے بھی لگائے۔