صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ 9 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی

اسلام آباد(صباح نیوز) صدارتی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے نامزد امیدوار آصف علی زرداری سمیت چار امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے گئے، صدر مملکت کے انتخاب کیلئے پولنگ 9 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ایچ نائیک اور سلیم مانڈوی والا نے آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی سینیٹ اور قومی اسمبلی کے لئے تعنیات کئے گئے پریذائیڈنگ آفیسر کے پاس اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا ئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے نئے صدر کے انتخاب کیلئے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی ہفتے کے دوپہر بجے سے قبل جمع کرانے تھے جن کی ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جانچ پڑتال 4 مارچ 10 بجے تک ہو گی جبکہ کاغذات نامزدگی 5 مارچ 12 بجے سے قبل واپس لئے جا سکیں گے۔

امیدواروں کی مصدقہ فہرست 5 مارچ کو ایک بجے جاری کی جائے گی جبکہ امیدواروں کی جانب سے 6 مارچ کو ریٹائرمنٹ لی جا سکتی ہے۔پولنگ 9 مارچ کو 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی،پولنگ بیک وقت پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی، مقررہ وقت تک کل چار امیدواروں کے جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ۔

آصف علی زرداری کی جانب سے دو کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ،ان کے تجویز کنندگان میں بلاول بھٹو زرداری، راجہ پرویز اشرف جبکہ محمود خان اچکزئی کے تجویز کنندگان میں علی محمد خان اور سینیٹر شفیق ترین شامل ہیں، دو آزاد امیدواروں جانب سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ، ان میں جھنگ سے تعلق رکھنے والے عبدالوحید اور مصدق شامل ہیں۔