پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سے سگنل ملا،اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعات شروع ہو گئے ہیں،شیخ رشید


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ  اسلام آباد میں پولیس پر فائرنگ میں ملوث دونوں دہشت گردوں تک پہنچ گئے ہیں، موٹر سائیکل سے لوکیشن کا پتہ لگایا جا چکا ہے، جس میں مصریال کی لوکیشن آئی ہے ، یہ دہشت گردوں کا سلیپنگ سیل تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پولیس پر فائرنگ سے سگنل ملا کہ دہشت گردی کے واقعات شروع ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ کل کراچی کمپنی کے پاس دہشت گردی کا واقعہ ہوا، ہیڈ کانسٹیبل منور ڈیوٹی پر موجود تھے اور فائرنگ سے شہید ہوئے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پولیس اہلکار کی ہلاکت چوری یا ڈکیتی کے دوران نہیں ہوئی بلکہ دہشتگردوں نے فائرنگ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ ایک قسم سگنل ملا ہے کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات شروع ہو گئے ہیں۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ یہ رواں سال کا پہلا واقعہ ہے ہمیں بہت الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اپنی جان دے کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی تمام فورسز ملک کی حفاظت کے لیے جان کا نذرانہ دینے کو تیار ہیں۔

شیخ رشید احمد نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے دونوں ملزموں تک پہنچ گئے ہیں، موٹر بائیکس سے ان کو ٹریس کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پیر کی رات اسلام آباد میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے شہر کے سیکٹر جی ایٹ میں سڑک پر ناکے لگائے کھڑے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی۔پولیس کے ترجمان کے مطابق فائرنگ سے ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے تھے۔ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دونوں مسلح موٹر سائیکل سوار مارے گئے۔