اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کے ساتھ ہی عدلیہ کیلئے ایک انتہائی اہم دورکاآغاز ہو گیا ہے۔
اس سال سپریم کورٹ میں پانچ اور ہائیکورٹ میں کئی درجن ججز کی تعیناتی ہونی ہے، نئے چیف جسٹس پاکستان کی عدالتوں میں کوالٹی ججز کی تعیناتی سے نظام انصاف بدل سکتے ہیں۔ن خیالات کااظہار فواد چوہدری نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ جبکہ اپنے ایک اورٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میڈیا مالکان کہہ رہے ہیں کہ میڈیا ریونیو میں 600 گنا اضافہ نہیں ہوا،ہو سکتا ہے ان کی بات درست ہو اور Aurora کے اعداو شمار غلط ہوں لیکن اس کو غلط ثابت کرنے کیلئے ضروری ہے کہ میڈیا گروپس اپنے اکائونٹس اوپن کریں تاکہ میڈیا ورکرز اپنے اداروں کی آمدنی اور اخراجات دیکھ سکیں ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان میڈیا کے ریونیو میں 2018 سے 2021 میں 600 فیصد اضافہ ہوا ہے ، یہ خوش آئند بات ہے لیکن سوال یہ ہے اگر معیشت مستحکم نہ ہو تو اشتہارات میں اتنا اضافہ کیسے ممکن ہے؟ ذرا سوچئے اور خدا کیلئے میڈیا ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کریں تا کہ انھیں بھی مہنگاء کا اثر کم لگنا شروع ہو۔