پاکستان اور او آئی سی اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کا ساتھ دیں، سینیٹر مشتاق

پشاور (صباح نیوز)جماعت اسلامی کے رہنما اور سینیٹر مشتاق احمد خان  نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکومت نے فلسطینیوں کو تنہا چھوڑا دیا ہے لیکن ہم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور حکومت پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم اسرائیل کے خلاف مقدمے میں جنوبی افریقہ کا ساتھ دیں۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے پشاور کے المرکز اسلامی میں جماعت اسلامی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت نے فلسطینیوں کو تنہا چھوڑا دیا ہے لیکن ہم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں، یہ انتخابات نہیں بلکہ قبلہ اول کی آزادی کی جنگ ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم جنوبی افریقہ کا ساتھ دیں جس نے غزہ میں نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی بہن اور پاکستان کی بیٹی کو رہائی نہیں دلوا سکتے، عافیہ نے دوبارہ ملنے کی درخواست کی ہے اور میں مارچ میں ایک بار پھر امریکا جاں گا۔

سینیٹر مشتاق نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، گیس کی قیمتوں میں 193فیصد کا اضافہ مہنگائی نہیں معاشی دہشت گردی ہے اور بجلی کے بل میں ہم سے 11 اقسام کے ٹیکس وصول کیے جا رہے ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنما نے مزید کہا کہ یہ ظلم کا نظام ہے، ججز اور جرنیلز قوم کو لوٹ رہے ہیں، یہ بڑے بنگلوں میں رہنے والے غریب کا درد کہاں سمجھتے ہیں لیکن ہم عوام اور آپ کے بچوں کی جنگ لڑرہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی سیاست جیب کی نہیں بلکہ پیغمبرۖ کی سیاست ہے۔