پشاور(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی نائب قیمہ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی کے قومی اسمبلی کی نشست کے لئے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے، وہ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست پرامیدوار ہیں انھوں نے عزم کیا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے خواتین حقوق چارٹر کے مطابق خواتین کی ترقی کے لیئے کام کرے گی جسکے پانچ اہم نکات ہیں ۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی نائب قیمہ نے کہا کہ خوش اسلوبی سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہو گئی ہے ۔ جماعت اسلامی نے بہت زیادہ تعلیم یافتہ اور مخلص کارکنوں کو انتخابات کے لیے نامزد کیا ہے اور انہیں ترجیح دی گئی ہے ۔ جماعت اسلامی کی طرف سے انتخابات میں پانچ فیصد کوٹہ خواتین کے لیے مختص کرنے سے متعلق آئین کی پاسداری کرتے ہوئے بڑی تعداد میں خواتین کو ٹکٹ دیئے اور انھوں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ۔
تمام کی جانچ پڑتال ہوئی اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہمارے کسی امیدوار پر کوئی الزام نہیں ہے ،کوئی نادہندہ نہیں ہے کسی کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ مجھے بہت زیادہ فخر ہے کہ جماعت اسلامی میں بہت زیادہ تعلیم یافتہ با صلاحیت کارکنوں کو انتخابات کے لئے ترجیح دی جاتی ہے ۔ قومی صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے علاوہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے بھی مخلص کارکنان نامزدکئے گئے ۔
انھوں نے خواتین کی ترقی وتحفظ کے حوالے سے بتایا کہ عورت کی نسائیت اور نسوانئیت کی تکریم ،خاندان اور معاشرے میں اسکا اہم کردار تسلیم کروانا ،اس کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہمارے منشور میں شامل ہے ۔ بچیوںکے لئیے تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا اسی طرح جماعت اسلامی کا عزم ہے کہ عورت کی صحت پر قوم کے روشن مستقبل کا انحصار ہے -اسکو با آسانی صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہمارامنشور ہے ۔ عورت کو فوری اور مفت انصاف فراہم کرنا منشور کا اہم نکتہ ہے ۔ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے مزید بتایا کہ اسلام اور قانون نے خواتین کو جو حقوق عطا کیئے ہیں اور معاشرہ اسے نہیں دے رہا -اسکی فراہمی کے لیئے جدوجہد کرنا منشورمیں شامل ہے ۔