بجلی کے بلوں، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔ محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نگران حکومت عوام پر مہنگای کے حملے کرنے کی بجاے الیکشن کمیشن سے ملکر صاف اور شفاف الیکشن کرواے ۔ عام انتخابات کے انعقاد سے ہی ملک میں جاری آ ئینی بحران کا خاتمہ ہوگا۔ ملک کو 76برسوں سے آٹا مافیاز کے رحم و کرم پر ہے ۔ جماعت اسلامی نے پچاس فیصد ٹکٹیں نوجوانوں کو د ی ہیں ۔ جماعت اسلامی عوام کو ان مافیا ز سے بچانا چاہتی ہے جاگیر داروں، سرمایہ داروںاور وڈیروں کو مسترد کر کے قوم ہمارا ساتھ دے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور فیصل آباد میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل چوروں کا ٹولہ پاکستان کے 25کروڑ عوام کو گمراہ کرنے کے لئے نئے وعدوں کے ساتھ ایک مرتبہ پھر سے میدان میں آگیا ہے ۔ قوم نے ان ظالموں کو بار بار آزما لیا ، اب ان کے فریب سے نکل کر حقیقی نمائندوںکو موقع دیا جانا چاہئے ۔ مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی جو بھی بر سرا قتدار آیا اس نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔ ملکی معیشت کا ستیاناس ہو چکا ہے ۔ ملک چوروں، لیٹروں اور کرپٹ افراد کی جنت بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن دن بدن بے قابو ہو چکا ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ بھی کاروباری طبقے کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔

عوام کے لئے بل ادا کرنا محال ہوگیا ہے، تاجر دوہری مصیبت میں مبتلا ہیں، گھر اور دکان کے بجلی کے بل ادا کرنے کے لئے رقم میسر نہیں رہی۔ بجلی کے بلوں، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔مہنگائی اور بے روزگاری کے ستائے عوام فاقہ کشی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشیاں کررہے ہیں ۔ ادارے تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جا سکے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام نے دیکھ لیا ہے کہ کیسے انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے ۔لوگ مہنگائی بے روزگاری اور دیگر معاشی مجبوریوں کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ ادرے بے حسی کا شکار ہیں۔حکومتی کارکردگی سے لوگوں میں مایوسی پھیلتی جا رہی ہے