سراج الحق سے صدر رائس ملز ایسوسی ایشن ضلع قصور ملک محسن نذیر کی وفد کے ہمراہ ملاقات

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے رائس ملز ایسوسی ایشن ضلع قصور کے صدر ملک محسن نذیر  نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ،صدر رائس ملز ایسوسی ایشن ضلع قصورملک محسن نذیر نے فلسطینیوں کی امداد کے لیے پچاس لاکھ کا چیک امیر جماعت اسلامی کو پیش کیا۔وفد کی قیادت صدر رائس ملز ایسو سی ایشن ملک محسن نذیر نے کی ۔وفد میں حاجی محمد رمضان ،میاں لیاقت،میاں اشفاق،محمد شبیر،آحد جمال،اسد جمال ایڈووکیٹ اور چوہدری منیر شامل تھے۔ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف بھی موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اہلیان پاکستان نے ہمیشہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے دل کھول کر مدد کی ہے۔24 کروڑ پاکستانیوں کے دل اہل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ پاکستان کی عوام نے بھرپور انداز سے فلسطین کے حق میںنہ صرف آواز بلند کی بلکہ ہر فورم پر اسرائیل کے مظالم کی مذمت کی اور مالی طو رپر بھی تعاون کیا مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمران عوام کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرسکے۔تینوں حکمران سیاسی جماعتیں امریکہ اور استعماری قوتوں کے خوف اور ناراضگی کے ڈر سے عالمی فورمز پر کوئی جاندار موقف اور احتجاج کرنے میں ناکام رہی ہے۔

جماعت اسلامی ہمیشہ بنیادی انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے ذریعے عملی کام بھی کررہی ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان بین الاقوامی این جی اوز کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔آزمائش کی اس گھڑی میں فلسطینیوں کے حوصلے بلند ہیں اور آئندہ کے لیے پرعزم بھی۔فلسطین سرخرو ہے اور اسرائیل ہزیمت کا شکار ہے اور جلد شکست سے دو چار ہو گا۔اس موقع پر صدر رائس ملز ایسو سی ایشن قصور ملک محسن نذیر نے جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ  دنیا بھر میںکوئی آفت آتی ہے تو جماعت اسلامی اور الخدمت کے لوگ بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں کرتے ہیں ۔اس وقت فلسطین کی جتنی سپورٹ کی جائے کم ہے ۔ دنیابھر کے مسلمانوں اورانسانوں کو فلسطین کی حمایت ومدد کرنی چاہیے تاکہ آزمائش سے دوچار فلسطینیوں کی دادرسی ہوسکے۔آخر میں وفد نے امیر جماعت کا شکریہ ادا کیا ۔