قوم ووٹ کی طاقت سے کرپٹ حکمرانوں کو جمہوری عمل سے نکال باہر کریں۔ محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ الیکشن فنڈز کا تخمینہ 58ارب روپے ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ الیکشن کمیشن ایسے انتخابات کا انعقاد کروائے جو سب سیاسی جماعتوں کو قابل قبول ہوں، اگر لیول پلئنگ فیلڈ یکساں نہ ہوئی تو ملک ایک مرتبہ پھر سے انتشار، افراتفری اور سیاسی عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا۔ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کا مقابلہ عدالتوں کی بجائے انتخابی میدان میں کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں تاخیری حربوں کا لامحالہ نقصان ملک و قوم کو ہوگا۔ حلقہ بندیوں کے حوالے سے خدشات کا خاتمہ ضروری ہے مگر انفرادی ریلیف کے لئے اجتماعی عمل کی قربانی دینا درست اقدام نہیں۔ الیکشن کمیشن کے اختیارات کو معزز عدلیہ کے ذریعے عمل میں لانے سے نئے راستے کھل جائیں گے ۔تمام ادارے اپنے دائر کار میں رہتے ہوئے آئین و قانون کے مطابق کام کریں تاکہ ملک کو آگے لے کر جایا جا سکے۔ محاذ آرائی اور چپقلش سے جمہوریت کمزور ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مسائل کے گرداب میں دھنستا چلا جا رہا ہے۔ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں ، ادارے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکے ہیں ۔ جب تک کرپٹ افراد مسلط ہیں اس وقت تک ملک کے اندر خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ معاشی پالیسیوں میں تسلسل اور سیاسی استحکام ناگزیز ہے ۔بد قسمتی سے جو بھی حکومت بر سر اقتدار آئی اس نے اپنی ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں کی بدولت عوام کے مفادات کو نقصان پہنچایا ۔ پاکستان عملاً مسائلستان بن چکا ہے ۔قوم ووٹ کی طاقت سے کرپٹ حکمرانوں کو جمہوری عمل سے نکال باہر کریں