عوام ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں تا کہ ایوانوں سے کرپٹ افراد کو نکالا جا سکے۔محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جب تک کرپٹ افراد کو مسترد نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک میں خوشحالی ممکن نہیں اب وقت آگیا ہے کہ عوام اپنے ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں تاکہ ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے اور ایوانوں سے کرپٹ افراد کو نکالا جا سکے۔ مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو عوام نے آزما لیا ہے ، کسی ایک بھی سیاسی جماعت نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے شکنجے سے نجات نہیں دلائی ، عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا گیا ، معیشت برباد اور ادارے تباہی کے دھانے تک پہنچا دیئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے نام و نشان اور مکمل تیاری کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی۔ عوام حالات کے رحم و کرم پر زندگی گزار رہے ہیں۔ لوگوں میں نا امیدی اور مایوسی بڑھتی جا رہی ہے ۔ہر سال دس لاکھ افراد معاشی تنگدستی سے بیرون ممالک کا رخ کر لیتے ہیں ۔

جماعت اسلامی نجات دہندہ ہے ، ہم عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔غیر ضروری اخراجات اور پروٹوکول کا خاتمہ کرکے بچنے والی رقم کو عوام کے فلاح و بہبود پر لگایا جائے گا اور یہ کام صرف جماعت اسلامی ہی کر سکتی ہے کیونکہ ہماری قیادت محب وطن اور ایماندار افراد پر مشتمل ہے ۔

قوم نے اعتماد کا اظہار کیا تو کبھی مایوس نہیں کریں گے ۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ تینوں بڑی جماعتوں نے ملک و قوم کو کرپشن کی دلدل میں دھنسا دیا ہے ۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نظر نہیں آتا جہاں کرپشن ختم اور کرپٹ افراد موجود نہ ہوں ، عوام کو اپنے جائزکاموں کے لئے رشوت کا سہارا لینا پڑتا ہے ۔میرٹ کی کوئی ویلیو ہی نہیں جو جتنا بڑا چور ہے وہ اتنا ہی اثر ورسوخ رکھنے والا اور اہم عہدوں پر بیٹھا ہے