عوام مینڈیٹ دیں گے توملک اورقوم معاشی بدحالی سے نکل کرخوشحالی کی طرف جائیں گے،راناثنااللہ خاں

فیصل آباد(صباح نیوز) سابق وفاقی وزیرداخلہ اورمسلم لیگ ن پنجاب کے صدرراناثنااللہ خاں نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے پونے چارسالہ اقتداراور9مئی کے کردارکے بعد اس کا نہ لیول رہا ہے نہ فیلڈ۔میاں نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کاپہلے بھی فیلڈ اور لیول تھااور آج بھی ہے۔ بانی چیئرمین ”پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کاخمیرتھا”کے مصداق ہے۔ توقع ہے کہ9مئی کردارکے بعد پی ٹی آئی کے اُمیدوارمحدودتعداد میں ہوں گے اب بھی اُس کے پاس بات کرنے والے چندوکلاء ہیں جویونیفارم میں میڈیاپرآتے ہیں ۔

2018میں پیش کی گئی کھیپ عیب کی وجہ سے غیب ہوچکی ہے جودیگرٹکٹ کے خواہشمندتھے اب وہ عزت برقراررکھنے کے خواہشمند ہیں۔اپنے حلقہ این اے100کی انتخابی مہم کے لئے یونین کونسل162ٹھیکری والہ میں دفترکی افتتاحی تقریب سے خطاب اور”صباح نیوز”سے گفتگوکررہے تھے ۔اُن کے ذیلی حلقہ سے اُمیدوار میاں اجمل آصف ،مسلم لیگی رہنما رانا ذکر اللہ خاں، میاں زاہد سرفراز ،عامر رفیق گجر، رانا عارف خاں،ملک یاسین،ملک شمشاد،رانا حماد اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی تاریخ میں پیش کی گئی پہلی سیاسی جماعت دیکھی ہے جس میں شامل ہونے والے99فیصدلوگ اُسے چھوڑچکے اوربعض سیاست سے دستبردارہوگئے۔ میاں نوازشریف سیاستدان ہیں جو2باروزیراعلیٰ اور3باروزیراعظم منتخب ہوئے اُن کے کسی کارکن نے گرفتاری کے خوف سے سیاست سے دستبرداراورپارٹی چھوڑنے کے لئے پریس کانفرنس نہیں کی۔

اُنہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف ادوارکے2017تک کے ترقیاتی منصوبے اب بھی موجودہیں جبکہ پی ٹی آئی کے بانی کو3گھریلومنصوبوں سمیت تمام افتتاح شدہ ملے اُن کااپناافتتاح شدہ کوئی منصوبہ نہیں۔میاں نوازشریف کی وطن واپسی اورمینارپاکستان جلسہ کے بعدعوام اُن پراعتمادبھی کررہے ہیں اورعام انتخابات میں  بیلٹ پیپرزسے بھی اعتمادکریں گے۔اُنہوں نے دعویٰ کیاکہ عوام مینڈیٹ دیں گے توملک اورقوم معاشی بدحالی سے نکل کرخوشحالی کی طرف جائیں گے۔اُنہوں نے کہاکہ جس طرح میاں نواز شریف باعزت بری ہورہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان پر جتنے مقدمات بناگئے تھے وہ من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی تھے۔