جھوٹ کا صرف ایک چہرہ ، جس کا نام عمران خان ہے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جھوٹے چہرے نے کہا تھا کہ ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر دیں گے ۔ ایک جھوٹے چہرے نے کہاتھا کہ خودکشی کرلوں گا، آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا۔جھوٹ بولنے والے عوام کو چہرہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ملک پر مہنگائی کی قیامت نازل کرنے والوں کے چہرے قوم پہچان چکی ہے۔جھوٹ کا صرف ایک چہرہ ہے جس کا نام عمران خان ہے جس کی گواہی 22کروڑ عوام دے رہی ہے۔

ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے  ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ منی بجٹ مسلط کرنے والے غریب دشمن کرپٹ مافیاز کے چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔عام انتخابات پی ٹی آئی کا آخری انتخاب ثابت ہوگا، ان شااللہ۔آٹا، چینی، گھی، بجلی گیس، دوائی، کھاد، روزگار، ڈالر چور چہروں سے قوم کو ہمیشہ کے لئے نجات ملنے والی ہے۔جبکہ مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کے شعری تبصرے کا مرحوم شاعر راحت اندوری کے شعر میں جواب دیا ہے۔

جھوٹوں نے جھوٹوں سے کہا ہے سچ بولو

سرکاری اعلان ہوا ہے سچ بولو

گھر کے اندر جھوٹوں کی اک منڈی ہے

دروازے پر لکھا ہوا ہے سچ بولو