اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو عمران خان کی نا اہلی کا وائرس لاحق ہے، حکومت اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے پاکستان کی مالیاتی خود مختاری کا سودا کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم خاموش رہی تو اس کی سزا آنیوالے سالوں میں غلامی کی صورت میں ادا کرنا پڑے گی ، آئی ایم ایف پاکستان میں سخت ترین شرائط نافذ کر رہا ہے، قائداعظم نے سٹیٹ بینک کو مالیاتی خود مختاری کی علامت قرار دیا تھا، آئی ایم ایف کا وائسرائے کراچی میں بٹھانے کی تیاری ہو رہی ہے، پاکستان کیساتھ جو تباہی ہونے جا رہی ہے اس کی ذمہ دار ذمہ دار پی ٹی آئی کی نا اہلی ہے، بیرونی سرمایہ کار پاکستان سے مزید پیچھے ہٹ جائیں گے،عمران نیازی ہمیں آئی ایم ایف کا غلام بنا رہے ہیں، حکومت کے پاس ملک چلانے کا کوئی ایجنڈا نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان تقریریں اور اپوزیشن پر کیچڑ اچھالنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، یہ کہتے ہیں کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے، میں کہتا ہوں کہ معیشت نہیں عمران خان خوش حالی کے راستے پر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ سال وزیرِ اعظم عمران خان کے اثاثوں میں اضافہ ہوا، پوری دنیا کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، ہمیں کورونا کے ساتھ 2018 کے وائرس کا بھی سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں افراطِ زرسنگل ہندسے میں ہے اور ہمارے یہاں ڈبل ہندسے میں ہے، ہماری معیشت کو عمران خان کی نا اہلی کا وائرس بھی لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان بیروزگاری کے ہاتھوں خود کشیاں کر رہے ہیں ، پاکستان میں مس گورننس کا روز نیا واقعہ ہوتا ہے ، سانحہ مری کے دوران انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی۔