برسلز(صباح نیوز)چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے یورپی پارلیمنٹ کے صدر ڈیویڈ ماریہ ساسولی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ انہیں ڈیویڈ ساسولی کی موت کا سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے غم کے اس موقع پر یورپی پارلیمنٹ کے آنجہانی صدر کے پس ماندگان، خاندان کے دیگر لوگوں، دوستوں اور رفقائے کار سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
علی رضا سید نے کہاکہ ڈیویڈ ساسولی دوسروں سے ہمدردی رکھنے والے انسان اور ایک سنجیدہ اور منجھے ہوئے یورپی سیاستدان تھے۔ہم یورپی پارلیمنٹ کے آنجہانی صدر کو ایک اچھے انسان، خصوصی صلاحیت کی حامل ایک معتبر شخصیت، اور اعلی یورپی اور جمہوری اقدار پر یقین رکھنے والے ایک یورپی رہنما کے طور یاد رکھیں گے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو کے بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ دیگر یورپی پارلیمنٹرینز یورپی اداروں کو مزید مضبوط بنانے اور انہیں جدید طرز پر استوار کرنے کی آنجہانی صدر یورپی پارلیمنٹ کی متاثر کن کوششوں کو جاری رکھیں گے۔یاد رہے کہ ڈیویڈ ساسولی جو پچلے ماہ دسمبر سے علیل تھے، منگل کی صبح اٹلی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے۔