خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے شعبہ فزکس میں عالمی اسکالرشپس کی آگاہی کے حوالہ سے تین روزہ ورکشاپ کا انعقاد


کرک(صباح نیوز)خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے شعبہ فزکس میں عالمی اسکالرشپس اور موٹیویشن پر تین روزہ ورکشاپ افتتاح کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد طلبا کو عالمی اسکالرشپس کی مسابقتی دنیا میں کامیابی کے لیے درکار علم اور مہارت سے آگاہ کرنا ہے۔ بدھ کے روز شروع ہونے والی اس ورکشاپ کا افتتاح رجسٹرار خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک ڈاکٹر رفیع اللہ خان نے کیا۔

ڈاکٹر رفیع اللہ خان نے ورکشاپ کے منتظمین میں شیلڈز بھی تقسیم کیں اور تعلیمی میدان میں ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے شعبہ فزکس کے سربراہ ڈاکٹر عبدالحکیم شاہ نے افتتاحی تقریر میں بین الاقوامی تعلیمی سکالرشپس کے حصول کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ کلیدی مقررین میں سے ایک، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان، جو طبیعیات کے شعبے کے ماہر ہیں،نے یونیورسٹی کے طلبا کے لیے عالمی وظائف کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تین روزہ پروگرام کی تفصیل پیش کی۔ ڈاکٹرعطاالرحمن نے عالمی سطح پر سکالرشپس جیتنے والی حکمت عملیوں اور طریقہ کار کے بارے میں ورکشاپ کے شرکا کو بتایا۔ورکشاپ کے چیف آرگنائزر شعبہ فزکس کے ڈاکٹر فدا رحمان نے عالمی اسکالرشپس کے حصول کے لیے گراں قدر تجاویز اور مشاورت فراہم کی۔ ڈاکٹر فدا رحمان کی پریزنٹیشن میں مختلف پہلوئوں کا احاطہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے ساتھ روابط، TOEFL اور IELTS جیسے معیاری ٹیسٹوں کے ساتھ اور انکے بغیر سکالرشپس کی حصول کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی لیکچر دیا۔ انہوں نے خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے شعبہ فزکس کے فارغ التحصیل طلبا جو بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں اس وقت پی ایچ ڈی کر رہے ہیں کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کیں ۔ڈاکٹر فدا رحمن نے عالمی تناظر کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا اور خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے طلبا کو غیرملکی سکالرشپش جیتنے کیلئے مقابلہ کرنے کے وژن پر تبادلہ خیال کیا۔ تین روزہ ورکشاپ میں فزکس اور دیگر شعبہ جات کی فیکلٹی سمیت وسیع تعداد میں طلبا و طالبات شرکت کررہے ہیں ۔