فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانیوالے 8 والیمز کو سامنے لایا جائے ،شہباز شریف


لاہور (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہاہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانیوالے 8 والیمز کو سامنے لایا جائے،8 والیمز کو خفیہ رکھنا قانونی طور پر جرم ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانیوالے 8 والیمز کو سامنے لایا جائے، 8 والیمز میں پی ٹی آئی کے خفیہ بینک اکاؤنٹس، فارن فنڈنگ کی تفصیلات ہیں، 8 والیمز کو خفیہ رکھنا قانونی طور پر جرم ہے۔ تمام ریکارڈ، بینک اکاؤنٹس اور فان فنڈنگ کی تفصیلات سامنے لائی جائیں، الیکشن کمیشن ریکارڈ چھپانے کے کسی دباؤ، درخواست یا دھمکی کو خاطر میں نہ لائے، یہ حقائق عوام کی امانت ہیں، فارن فنڈنگ کیس کو چھپانا عمران خان کے جرم کا منہ بولتا ثبوت ہے، سٹیٹ بینک نے پی ٹی آئی کے اکانٹس اور کھاتوں کا جو ریکارڈ ڈھونڈا، وہ بے نقاب ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے برطانیہ، امریکہ، آسٹریلیا، فن لینڈ، ناروے سمیت 6 غیرملکی تسلیم شدہ بینک اکاؤنٹس اور دیگر چھپائی گئی تفصیلات پبلک کی جائیں، 8 والیمز، 28 بینک اکاؤنٹس اور متعلقہ دستاویزات کو چھپایا نہیں جاسکتا، چھپانے والا قانون کی نظر میں مجرم ہے، 7 سال سے یہ ریکارڈ چھپانے کی کوشش جاری ہے لیکن اب مزید یہ سچائی چھپ نہیں سکتی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سات سال تک الیکشن کمیشن اور قوم سے حقائق چھپائے ہیں، فارن فنڈنگ کیس کی تمام تفصیلات عوام کو بتانا الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے، دوسروں کی تین نسلوں کا حساب کا مطالبہ کرنے والا اپنے ڈاکے کے 8 والیمز کی تفصیلات چھپانا چاہتا ہے۔