تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے روک تھام  کے لیے اے این ایف کی کوششیں تیز


 راولپنڈی(صباح نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے روک تھام کی کوششوں کو مزید مربوط کردیا ، مستقبل کے معماروں کو منشیات سپلائی میں ملوث مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی ۔

اے این ایف ذرائع نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے روک تھام کی موثرکوششوں پر عمل پیرا ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی نرمی نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے بتایاکہ تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے اے این ایف ویجیلینس اسکواڈ کی جانب سے پٹرولنگ کا عمل جاری ہے اور ہرقسم کی مشکوک سرگرمی کا مانیٹر کیاجارہاہے ۔

اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق سال 2022 میں تعلیمی اداروں کے اردگرد آپریشنز کرکے 160کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جبکہ ان آپریشنز کے دوران 63 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔برآمد کی گئی منشیات میں116 کلو حشیش، 18 کلو افیون، 9 کلو ہیروئن اور ساڑھے 7 کلو آئس وغیرہ شامل ہے۔رواں برس بھی اس حوالے سے ٹھوس اقدامات جاری ہیں اور تعلیمی اداروں میں منشیات فراہمی میں ملوث مافیا کے خلاف آپریشنز کرکے ان کی بیخ کنی کی جارہی ہے