لاہورہائیکورٹ ،پنجاب کی جیلوں میں قیدخواتین کوقانونی معاونت دینے پررپورٹ طلب


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کی جیلوں میں قید خواتین کو قانونی معاونت دینے کی درخواست پر وفاقی وصوبائی حکومت سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی ۔

پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب کی جیلوں میں قید خواتین کو قانونی معاونت دینے  کے حوالے سے ایڈووکیٹ ندیم سرور کی درخواست پر جسٹس مرزا وقاص رئوف نے سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی و پنجاب حکومت اور سیکرٹری منسٹری آف ہیومن رائٹس کو فریق بنایا گیا۔

عدالت نے وفاقی و صوبائی حکومت سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ جیلوں میں قیدغریب خواتین قیدیوں کوبنیادی حقوق میسر نہیں آرہے ہیں اورخواتین کی قانونی اورمالی معاونت کے ایکٹ پرعملدرآمد نہیں کیا جا رہا ہے۔یہ بھی موقف اختیار کیا گیا کہ ریاستی ادارے اپنے فرائض پورے کرنے میں ناکام نظرآ رہے ہیں،سینکڑوں خواتین جیلوں میں قید ہیں لیکن صرف 13 خواتین کی قانونی معاونت کی گئی ۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پنجاب کی جیلوں میں قید خواتین کومفت قانونی اورمالی معاونت کا حکم دیا جائے جبکہ جیلوں میں قید غریب خواتین قیدیوں کی بھی مالی معاونت کا بھی حکم دیا جائے۔