پی ٹی آئی ہم خیال گروپ کا وزیرِ اعلی گلگت بلتستان کے انتخاب کا بائیکاٹ

گلگت بلتستان (صباح نیوز)پی ٹی آئی ہم خیال گروپ نے وزیرِ اعلی گلگت بلتستان کے انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا۔پی ٹی آئی ہم خیال گروپ کی جانب سے وزارتِ اعلی کے لیے 3 امیدواروں نے اس ضمن میں پریس کانفرنس کی ہے۔پی ٹی آئی ہم خیال گروپ کی جانب سے وزارتِ اعلی کے ایک امیدوار راجہ اعظم خان کا پریس کانفرنس میں کہنا ہے کہ جی بی اسمبلی میں اکثریت کو زبردستی اقلیت میں تبدیل کر دیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھی ارکانِ اسمبلی کو کروڑوں روپے کی اسکیموں کا لالچ دیا گیا۔راجہ اعظم خان نے مزید کہا ہے کہ ساتھ نہ دینے پر ساتھی ارکان کو گرفتاریوں اور مقدمات کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب ہم اسمبلی میں موثر اور بھرپور طریقے سے اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔اسلامی تحریک کے پارلیمانی لیڈر ایوب وزیری نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے گلگت میں پولیٹیکل انجینئرنگ کی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنما کاظم میثم کا کہنا ہے کہ اقلیت کو مسلط کر کے جمہوری اور انسانی حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔