ٹیکس دہندگان کو سہولت دینے کے لیے بنکوں کے خصوصی اقدامات

اسلام آباد(صباح نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر ٹیکس دہندگان کو سہولت دینے کے لیے 27، 28، اور 30 جون 2023 کو وصول شدہ ٹیکسوں کی کلیئرنگ/ تصفیے کی غرض سے تمام بینکوں کی طرف سے بینکاری اوقات کے حوالے سے درج ذیل فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق منگل 27 جون 2023 کو تمام بینک اور ایس بی پی  بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک اسی روز کلیئرنگ کے لیے کھلے رہیں گے جبکہ بینکوں کی وہ تمام برانچیں جو ہفتے کے روز بھی کھلی رہتی ہیں،

بدھ 28جون 2023 کو اسی روز کی کلیئرنگ کے لیے صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلی رہیں گی۔نیشنل بینک کی کسٹم ہاوس برانچ جمعہ 30 جون 2023 کو صبح 9 بجے سے شام 5:30 بجے تک کھلی رہے گی تاکہ 3 جولائی 2023 کو صبح 9 بجے (برائے مورخہ30 جون 2023) ہونے والی خصوصی کلیئرنگ کی جا سکے۔مالی سال 23-2022 کی کلوزنگ 3 جولائی 2023 کو منعقد ہوگی۔ اسٹیٹ بینک کی بنیادی بینکاری اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستان ریئل ٹائم انٹربینک سیٹلمنٹ میکنزم (پرزم) 30 جون 2023 کو کام کرے گا۔ اِسی طرح بینک اور میسرز نفٹ اپنے سسٹمز میں 30 جون 2023 کو یومِ کار شمار کریں گے تاکہ 30جون 2023 کی تاریخ کے لیے 3 جولائی 2023 کو ہونے والی خصوصی کلیئرنگ کے تصفیے میں مدد مل سکے۔