اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری حکومت پراعتماد کا نتیجہ ہے،زراعت کو کسانوں کی مدد اور زیادہ پیداوار والے شعبے میں تبدیل کر رہے ہیں، حکومت کا مقصد پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ پیداوار حاصل کرنا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ترجیحی شعبوں پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان اور خصوصی اقتصادی زونز پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں،حکومت نے پہلی بار جامع ایگریکلچر ٹرانفارمیشن پلان بنایا اوراسے نافذ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کو کسانوں کی مدد اور زیادہ پیداوار والے شعبے میں تبدیل کر رہے ہیں، کسان کارڈ، کھاد پر سبسڈی اور مویشیوں کی جینیاتی بہتری حکومتی مقصد ہے۔ حکومت کا مقصد پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ پیداوار حاصل کرنا ہے۔ حکومت کی توجہ برآمدی صنعتوں کے لیے سرمایہ کاری بڑھانا ہے۔وزیراعظم نے کھاد کے ذخیرہ اندوزوں و اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اس سے پہلے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ معیاری بیج کی فراہمی کیلئے منظوری کے بعد فنڈز کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور لائیوا سٹاک کی پیداوار بڑھانے کیلیے کام کیا جا رہا ہے۔مویشی پال کسانوں کی معاونت کیلئے پنجاب میں 9211 سروس بحال کر دی گئی ہے،مویشی پال کسانوں کی معاونت کیلئے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں جلد سروس بحال کر دی جائے گی۔
اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ زراعت میں جدید مشینری کے استعمال میں معاونت کا منصوبہ بھی مکمل ہے،مشینری کے استعمال سے فی ایکڑ اوسط پیداوار میں اضافہ ہوگا۔جھینگے کی فارمنگ کیلئے پنجاب اور بلوچستان میں ہیچریز کا افتتاح جلد کر دیا جائے گا،زیتون کی 20 ہزار ایکڑ پر کاشت کیلئے پودوں کی درآمد شروع کر دی گئی ہے۔