کراچی،اسلا م آباد (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانو ں نے پاکستان کو ایسٹ انڈیا کمپنی کے حوالے کر دیا ہے،حکومت تمام شعبوں میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔سونامی تباہی میں تبدیل ہوگیا ہے۔اوآئی سی کانفرنس میں امریکہ کے خوف سے کسی اسلامی ملک نے کشمیر کا نام تک نہیں لیا۔تحریک انصاف،مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی یہ ایک ہی پارٹی کا نام ہیں جنھوں نے باری باری ملک کو کمزور کیا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان کی مظلوم عوام کی امیدوں کا محور ومرکز ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت مسجد یوسف پی اینڈٹی ہاوسنگ سوسائٹی اور ضلع ملیر کے تحت مسجد سلمان شاہ لطیف ٹاؤن میں علیحدہ علیحدہ اجتماعات سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماعات سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امراء راشد نسیم،ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان،امیر ضلع ملیر محمد اسلام،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے نائب صدر مفتی ضیاء الرحمن فاروقی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
سرا ج الحق نے کہا کہ دولت کی بنیاد پر تحریک انصاف نے اپنی حکمرانی قائم کی ہے وزیر اعظم صرف اپنی ذات کے عاشق ہیں اور اپنی خدائی کو مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن اب بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد یہ اپنے مستقبل سے مایوس ہیں اورکے پی کے میں اپنی بدترین شکست کا رونا رو رہے ہیں دیگر صوبوں کے بلدیاتی انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت خود بخود ختم ہوجائے گی۔
انھوں نے کہا کہ حکومتی پارٹی اور اپوزیشن دونوں ہی امریکہ کی غلام بنی ہوئی ہیں۔ پانا ما لیکس،پینڈورا لیکس میں ان تینوں جماعتوں کے لوگوں کے نام ہی آئے ہیں اوران ہی لوگوں نے اسٹیٹ بینک،پاکستان اسٹیل،پی آئی اے،واپڈا،ریلوے کو تباہ کیاہے۔ملک میں گیس،بجلی،چینی، آٹے کا بحران ہے۔حکومت کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔ ملک میں خوشحالی اور ترقی جماعت اسلامی ہی لیکر آئے گی عوام تحریک اسلامی کے سفیر بن جائیں اور ظلم کے نظام سے نجات حاصل کریں۔پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کو بار بار موقع ملا ہے لیکن ان سب نے صوبہ سندھ اور کراچی کو تباہی کے سواء کچھ نہیں دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ غلام ابن غلام حکمراں پوری قوم کو امریکہ کا غلام اور ملک کو لادینی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔جماعت اسلامی پوری دنیا کے نظام باطل کو چیلنج کر رہی ہے۔لادینی قوتیں اسلامی تحریکوں کے سامنے رکاوٹ ہیں۔ان قوتوں نے الجزائر میں 80ہزار مسلمانوں کو شہید کیا۔مصر میں محمد مرسی کو بیماری کے دوران ادویات فراہم نہیں کی گئی جس کے باعث وہ عدالت میں پیشی کے دوران شہید ہوگئے۔اسلامی تحریکیں کفر کی قوتوں کے سامنے کلمہ حق بلند کر رہی ہیں اور ہم بھی پاکستان میں قرآن وسنت کا نظام عملی طور پر نافذ کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ نبی اکرم ۖکی دعوت ہی ہماری دعوت ہے۔اندر کی تبدیلی کے بغیر باہر کی تبدیلی ممکن نہیں ہے۔انسانوں کو اللہ کی طرف بلایا جائے ایک انسان کے اندر بھی تبدیلی آجائے تو یہ بہت بڑی کامیابی ہوگی۔
علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان نے روس کے صدر ولادی میر پیو ٹن کے نام ارسال کئے گئے اپنے خط میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حرمت کے تحفظ کے لئے بیان دینے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ،سراج الحق نے خط میں روسی صدرکایہ بیان دینے پر دنیا کے دو ار ب مسلمانوں کا دل جیتنے پر شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ آپ کو تہذیبوں کے درمیان ھم آھنگی پیدا کر نے کے لئے قدم بڑھانا چاھئیے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان کا یہ خط روسی سفیر کے توسط سے ارسال کر دیا گیا۔