کوئٹہ(صباح نیوز) حق دوتحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو تین سال کیلئے جماعت اسلامی کا صوبائی جنرل سیکرٹری مقرر کردیا گیا۔
امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے ذمہ داران وشوریٰ اراکین کی مشاورت سے حق دو تحریک کے قائد عالم دین حضرت مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو2021تا2024تین سال کیلئے جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی بلوچستان مقررکر دیا ہے اورزاہدا ختر بلوچ ،عالم دین مولاناعبدالکبیر شاکر ،دانشور ڈاکٹرعطاء الرحمان ، بشیرا حمدماندائی،عالم دین مولانا حافظ محمد اسماعیل مینگل ، قبائلی سیاسی رہنما میر محمد عاصم سنجرانی کو اگلے تین سال کیلئے صوبائی نائب امراء مقررکردیے ہیں.
انہوں نے دوروزہ صوبائی مجلس شوریٰ اجلاس میں ذمہ داری کا حلف اُٹھالیا جبکہ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹریز وشعبہ جات کے ذمہ داران کا تقرر بعدمیں مشاورت سے کیا جائیگاامیر صوبہ مولاناعبدالحق ہاشمی نے ذمہ داران کی کامیابی واستقامت کیلئے خصوصی دعاکی دریں اثنا گوادرمیں صحافیوں سے ملاقات کے دوران ی مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کو آئنی معاشی حقوق دینے کیساتھ ظلم وجبر نوجوانوں کو بے روزگاری اور منشیات سے بچاکر روزگارتعلیم اورسہولیات فراہم کریں گے۔بلوچستان کے عوام کو ہمیشہ دھوکہ دیاگیا ہے مقتدرقوتیں بلوچستان کے عوام کو انسان نہیں سمجھتے لاپتہ افرادکی بازیابی،اغواء برائے تاوان وبدامنی کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔حق دوتحریک بلوچستان کے عوام کو حقوق دینے کی آئنی محب وطن قوتوں ومظلوم عوام کی تحریک ہے حق دوتحریک نہ سی پیک اورنہ ہی پاکستان کے خلاف ہے.
انہوں نے کہاکہ حکمران ،بااختیار قوتیں ہماری تباہی وبربادی کا نہ صرف تماشاکر رہی ہے بلکہ محب وطن عوام کا ساتھ دینے کے بجائے اس کے خلاف ہیں ۔ہم ترقی یافتہ خوشحال بلوچستان بناکر لٹیروں کو ناکام بنائیں گے پاکستان اسلامی اوربلوچستان اس صورت خوشحال ہوگاجب منتخب نمائندے عوام سے مخلص اور حکمران آئنی ذمہ داری ادا کریں ۔بلوچستان کے عوام کو لسانیت فرقہ واریت کی جانب دکھیل کر تباہ وبرباد کیا جارہا ہے حقوق لینے والوں کو غدارکہنے والے خود غدارہیں ہم عوام دشمن غداروں کے خلاف ہر فورم پرآوازبلند کریں گے ۔حق دو تحریک مظلوموں کی آئینی عوامی اجتماعی سیاسی تحریک ہے ۔بلوچستان کے عوام اگر حق چاہتے ہیں تو حق دوتحریک میں بھرپور ساتھ دینا ہوگا ۔بلوچستان کے عوام بلخصوص جذباتی محب وطن بے روزگارنوجوانوں او رعوام کو گزشتہ کئی دہائیوں سے باربار دھوکہ دیاجارہے ہر طرف اندھیر نگری ہے اب ایسانہیں ہونے دیں گے نوجوانوں سے خوشنما نعرے لگواکر اپنے سیاسی مقاصد کیلئے تو استعمال کیے گیے مگر انہی نوجوانوں کونہ روزگار ملااور نہ تعلیم وصحت کی سہولیت میسر ہوئی ہر طرف غربت ناچتی ہے حق دو تحریک مظلوم بلوچستان کے محب وطن عوام کو حقوق دلائیگی ۔