تھانہ کبل کا سانحہ دردناک ہے۔ ہم شہدا اور زخمیوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پروفیسر محمد ابراہیم خان

 سوات(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے سوات کے سیدو شریف ہسپتال کا دورہ کیا اور سی ٹی ڈی تھانہ کبل میں ہونے والے بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ ہسپتال دورے کے دوران جماعت اسلامی ضلع سوات کے امیر حمید الحق، نائب امیر اختر علی، الخدمت فاؤنڈیشن مینگورہ کے صدر برکت علی خان بابا اور الخدمت کے رضاکار بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے عیادت کے موقع پر زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ اس موقع انہوں نے مجروحین کو دلاسہ دیا اور ان کی ہمت افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ کبل کا سانحہ دردناک ہے۔ ہم شہدا اور زخمیوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ یہ پوری قوم کا غم اور درد ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کو سرد خانے میں ڈالنے کی بجائے اس کی تحقیقات کی جائیں اور حقائق سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے پنجیگرام اور منگلور میں شہدا کے لواحقین سے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور شہدا کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے دھماکے سے متاثرہ کبل کے سی ٹی ڈی تھانے کا بھی دورہ کیا۔