سراج الحق کا سابق وفاقی وزیر مذہبی امور مرحوم مفتی عبدالشکور کے آبائی علاقے تاجبی خیل لکی مروت جاکر مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

لکی مروت (صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق منگل کو ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور مرحوم مفتی عبدالشکور کے آبائی علاقے تاجبی خیل لکی مروت گئے جہاں پر انہوں مرحوم مفتی عبدالشکور کے بھائی مفتی ابرار اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ،

اس موقع پر امیرجماعت اسلامی نے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ اور تمام لواحقین سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کے علاوہ مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی۔سراج الحق نے مفتی عبدالشکور کے بھائی سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اہل خانہ کے اس دکھ میں برابرکے شریک ہیں، انہوں نے کہاکہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے،

مفتی عبدالشکور جمعیت علما اسلام کے متحرک اور نظریاتی رہنماوں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دئیے ،سراج الحق نے مفتی عبدالشکور کی دینی، مذہبی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہا کہ مفتی عبد الشکور درویش صفت انسان تھے، مفتی عبدالشکورنے کسمپرسی اورکم وسائل کے ساتھ سیاسی جدوجہدکی اورلوگوں کیلئے ایک مثال بن گئے ،

ان کی بالخصوص حجاج کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،امیر جماعت نے دعا کی کہ اللہ تعالی مفتی عبدالشکور کی مغفرت اور ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطاء فرمائے۔