جماعت اسلامی مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گی،مولانا ہدایت اللہ

پشاور(صباح نیوز)پورے ملک سمیت جماعت اسلامی پشاور کے زیر اہتمام المرکزالاسلامی سے متصل جی ٹی روڈ پر قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت اللہ، نائب امیرجماعت اسلامی ضلع پشاور حمداللہ جان بڈھنی اور این اے 28کے نائب امیر افتخار احمد، پی کے 81کے امیر شہزاد احمد اور دیگر نے کی۔ مظاہرین نے بینر اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت اللہ نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ میں اسرائیل نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔اسرائیل کے حالیہ حملوں میں بڑی تعداد میں خواتین بھی زخمی ہوئی ہیں۔ بین الاقوامی طاقتوں اور اقوام متحدہ نے دوہرا معیار اپنا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین پر روسی حملے کے وقت چیخنے چلانے والوں کو فلسطین میں اسرائیلی ظلم و ستم پر سانپ سونگھ گیا ہے۔ بین الاقوامی طاقتیں اور اقوام متحدہ دوہرا معیار چھوڑ دیں۔ اقوام متحدہ میں غیر مسلموں کے معاملے جلد حل ہوجاتے ہیں لیکن مسلمانوں کے مسائل پر خاموشی چھا جاتی ہے۔ مسلمانوں کا مزید خون بہانا بند کیا جائے۔جماعت اسلامی مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں کو حکومت اللہ نے دی ہے لیکن وہ فلسطین کے مسلمانوں کے معاملے پر خاموش ہیں۔حکمران جہاد کا راستہ اپنائیں۔ جماعت اسلامی ضلع پشاور کے نائب امیر حمداللہ جان بڈھنی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر یہودی ایجنٹ ہونے کے الزامات لگا رہے ہیں۔ ایک دوسرے کو یہودیوں کے یار ہونے کے طعنے دے رہے ہیں لیکن آج ان میں سے کوئی بھی یہودیوں کی مذمت نہیں کررہا۔انہوں نے کہا کہ عوام یہودیوں کے دوست حکمرانوں کو مسترد کردیں۔جو لوگ یہودیوں کے خلاف ہیں انہیں سپورٹ کریں۔

انہوں نے میڈیا نمائندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنا قلم اور کیمرہ مسلمانوں کے حق کے لیے استعمال کریں۔این اے 28کے نائب امیر افتخار احمد نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت ناقابل برداشت ہے۔ مسلمانوں کی نا اتفاقی نے کافروں کو شیر بنا دیا ہے۔ امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلمان متحد نہ ہوئے تو دشمن طاقتیں ایک ایک کرکے مسلمانوں کا خاتمہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم نہ فلسطینیوں کو تنہا چھوڑیں گے نا کشمیر کے معاملے پر خاموش بیٹھیں گے۔