کتب کی فراہمی کے مسئلے کو فوری حل کیا جائے۔پروفیسر محمد ابراہیم خان

لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، ڈائریکٹر جنرل نافع پاکستان پروفیسر محمد ابراہیم خان  کہا  ہے کہ کورونا وبا کے بعد گذشتہ تین برس سے نیا تعلیمی سیشن اگست میں شروع ہوا، جبکہ رواں برس نیا تعلیمی سال یکم اپریل سے شروع ہوا ہے۔ گذشتہ کئی برس سے حکومتی نااہلی کی وجہ سے ہر سال نئی درسی کتب کی دستیابی میں تاخیر کا سامنا رہا ہے۔ اخباری اطلاعات کے مطابق رواں برس بھی درسی کتب بالخصوص چھٹی تا آٹھویں کی دستیابی تاخیر کا شکار ہیں۔

اپنے بیان میں انھوں نے مزید کہا کہ تعلیم اور صحت وہ اہم شعبے ہیں جن پر حکومت سب سے کم توجہ دے رہی ہے۔ تعلیم پر عدم توجہی اور غفلت کی وجہ سے لاکھوں طلبہ کا مستقبل دا وپر لگ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس برس نیا تعلیمی سیشن رمضان کے مقدس مہینے میں شروع ہوا ہے۔ اس وقت بچوں کے پاس کتا بیں نہیں ہیں۔ اگر بروقت درسی کتب کی دستیابی کو یقینی نہ بنایا گیا تو والدین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا ۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہاکہ  کتب کی فراہمی کے مسئلے کو فوری حل کیا جائے۔درسی کتب کی بروقت دستیابی نہ ہونے  سیطلبہ کی پڑھائی ضائع ہو رہی ہے اور اس سے تعلیمی سال متاثرہوگا۔