اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حج 2023 پالیسی کی منظوری دے دی

اسلام آباد(صباح نیوز)اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے حج پالیسی 2023کی منظوری دے دی۔اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے عازمین حج کیلیے 9کروڑ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی، رواں سال ایک لاکھ79ہزار210افراد فریضہ حج اداکریں گے، سرکاری اور نجی ٹور آپریٹرز کو 50،50فیصد کوٹہ دیا جائیگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شمالی ریجن کے لیے حج اخراجات 11لاکھ 75ہزار روپے ہوں گے جبکہ  جنوبی ریجن کے لیے حج اخراجات 11لاکھ65 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔اعلامیے کے مطابق ساتویں مردم و خانہ شماری کے لیے 12ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ کا کہنا تھاکہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور مذہبی امور کے وزیرمولانا عبدالشکورکی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں حجاج کرام کو ہرممکن سہولتیں فراہم کرنے کا عزم کیا گیا۔