کراچی، لیاری سے بھتے کا ملزم دستی بم سمیت گرفتار


کراچی(صباح نیوز)کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے عملے نے لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں کارروائی کر کے بھتہ لینے کے ایک ملزم کو دستی بم سمیت گرفتار کر لیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس آئی او یو جنید شیخ کے مطابق ایس آئی یو کے عملے نے خفیہ اطلاع پر لیاری کلاکوٹ سے بھتہ خوری کے ملزم انس خان ولد جانس خان کو گرفتار کیا۔ملزم کا تعلق شاہ میر بلوچ کے گروہ سے ہے، ملزم دبئی میں مقیم گینگ لیڈر سے سے ہدایات لے کر لیاری کے علاقوں میں امین عرف چوچو کے ساتھ مل کر کاروباری لوگوں کو بھتے کی پرچیاں دے کر ان سے بھتہ وصول کرتا تھا۔

جنید شیخ کے مطابق 2022 میں ملزم نے گینگ کے سربراہ اور دیگر ساتھیوں مرتضی اور ثاقب کے ساتھ مل کر ڈکیتی کے دوران سلمان نامی دکاندار کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، اس واردات میں ملزم اپنے ساتھی سمیت گرفتار ہو چکا ہے۔ اس وقوعے اور ملزم کی گرفتاری سے متعلق مقدمہ الزام نمبر 14/2022، بجرم دفعہ 392/297/114/34 ت پ اور مقدمہ الزام نمبر 12/2022، بجرم دفعہ 1(A) 23 تھانہ گارڈن میں درج ہے۔

دورانِ گرفتاری ملزم سے ایک ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوا ہے جس پر اس کے خلاف 4/5 ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت تھانہ ایس آئی یو میں مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔ملزم کی گرفتاری و انکشافات سے متعلق تھانہ جات کو اطلاع دی جا رہی ہے، ملزم سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔