بہترین معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں استحکام آیا،وفاقی وزیر خزانہ


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بہترین معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں استحکام آیا ہے، حکومت کا کام بزنس کرنا نہیں،نجی سیکٹر کو آگے جبکہ وزرا ء اور بیوروکریٹس کو پیچھے بیٹھنا چاہیے،ہمیں اپنی مشکل توانائی کے مسئلوں کو حل کرنا پڑے گا۔

اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری فورم 2024 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہ پاکستان اب عمل درآمد کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہمیں اس مقصد کے لئے اپنے ٹیکس بیس کو وسیع کرنا پڑے گا، ہمیں اپنی مشکل توانائی کے مسئلوں کو حل کرنا پڑے گا ، یہ ریفارم ایجنڈا کا دوسرا اہم حصہ ہے اور تیسرا سرکاری اداروں میں اصلاحات ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا کام بزنس کرنا نہیں ، ہم نجکاری کا ایجنڈا تیزی سے مکمل کر لیں گے، اور مجھے امید ہے کہ جون کے آخر یا جولائی تک ہم اس کام کے آخری مرحلے میں ہوں گے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم 24ویں آئی ایم ایف پروگرام میں جارہے ہیں، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ یہ ہمارا آخری پروگرام ہو ہمارے پا س روڈ ٹو مارکیٹ کا ایک کلیئر ویو ہونا ضروری ہے، اس میں سب سے پہلے ایکسپورٹ میں ترقی اور دوسرا براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ضروری ہے اور اس میں آپ ہماری مدد کریں گے اور انٹرنیشنل کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی بھی اس کے لئے انتہائی اہم ہے، اگر ہم نے اس پر کام کرلیا تو ہمیں دوسرے فنڈ پروگرام میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ نجی سیکٹر کو اس ملک کو چلانا ہوگا، حکومت اس معاملے میں پر عزم ہے، ہم اس حوالے سے کام کریں گے، نجی سیکٹر کو آگے بیٹھنا چاہیے اور وزرا ء اور بیوروکریٹس کو پیچھے بیٹھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائرمیں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، معاشی اصلاحات ہمارا ایجنڈا ہے، ہم بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، 10 ماہ سے پاکستان کی کرنسی میں استحکام آیا۔ انہوںنے کہا کہ معاشی استحکام کے لئے پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے،تاجروں اور سرمایہ کاروں کی معاونت کے لئے  وزارتِ خزانہ کی خدمات حاضر ہیں۔