سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا آئندہ ہفتے دورہ پاکستان متوقع

اسلام آباد(صباح نیوز)سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا آئندہ ہفتے دورہ پاکستان متوقع ہے۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ دورے کے حوالے سے تاریخوں کو حتمی شکل دینے پر کام جاری ہے، دورہ آئندہ ہفتے کے آخر دنوں میں متوقع ہے۔ ذرائع نے کہا کہ یہ سعودی ولی عہد کا 2019 کے بعد سے پاکستان کا پہلا دو طرفہ دورہ ہوگا،

وزیر اعظم نے اپنی دیگر مصروفیات ترک کردی ہیں اور شہباز شریف سعودی ولی عہد کے دورے سے متعلق انتظامی امور کی خود نگرانی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے، محمد بن سلمان کے متوقع دورے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے فیصلوں پر عمل درآمد کی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔