سندھ ہائیکورٹ،سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں گڑ بڑ پر دوبارہ امتحان لینے کا حکم

کراچی (صباح نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ پبلک سروس کمیشن(ایس پی ایس سی)کے 2020 کے امتحانات میں گڑ بڑ پر امیدواروں سے 2 ماہ میں دوبارہ امتحان لینے کا حکم دے دیا۔عدالت عالیہ نے سندھ پبلک سروس کمیشن 2020 کے امتحانات سے متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا۔عدالت نے 2020 کے امیدواروں سے 2 ماہ میں دوبارہ امتحان لینے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ امتحانات ہائی کورٹ کے آفیشل اسائنی اور اسسٹنٹ رجسٹرار کی زیر نگرانی لئے جائیں، چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن نے بھی رپورٹ میں ردوبدل کی تصدیق کی، نتائج میں ردوبدل کے الزام میں ملوث افسران کو معطل کیا گیا۔سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ معطلی سے کام نہیں چلے گا، ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں سزا دیں۔

عدالت نے سندھ پبلک سروس کمیشن کو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لئے 2 ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اطمینان بخش کارروائی نہ ہوئی تو عدالت خود فیصلہ کرے گی۔خیال رہے کہ سندھ پبلک سروس کمیشن 2020 کے امتحانات میں جعلسازی اور گڑ بڑ کے انکشاف پر سندھ ہائی کورٹ نے تحریری امتحانات کالعدم قرار دے دیئے تھے۔