جماعت اسلامی کا کراچی کے عوامی مینڈیٹ پر سندھ حکومت کی طاقت سے قبضہ کرنے کی کارروائی پر اظہار تشویش

لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوری کا تین روزہ اجلاس منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی صدارت میں جاری ہے جس میں کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئی۔

جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ نے کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر سندھ حکومت کی طاقت سے قبضہ کرنے کی کارروائی پر شد ید تشویش کا اظہار کیا اورکہا ہے کہ ا لیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر رہااور مطالبہ کیاکہ جعلی ری کاؤنٹنگ کا عمل فوری طور پر روکا جائے، الیکشن کمیشن خامو ش تماشائی بننے کے بجائے اپنا ا ئینی و قانونی کردار ادا کرے،آر اوزاور ڈی آراوز کے ذریعے ووٹوں کی تبدیلی، پھٹے ہوئے تھیلے، ڈبل اسٹمپ لگا کر ووٹ ضائع کرنے کا عمل کھلی دھاندلی ہے۔

الیکشن کمیشن کی خاموشی اس کی ساکھ کو تباہ کررہی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود 11یوسیز کا ضمنی انتخابات نہ کرانا تشویش ناک عمل ہے، الیکشن کمیشن کو کسی حکومتی پارٹی کی خواہشات کے بجائے جمہوریت اور آئین کی بالادستی کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، یہ اس کی ذمہ داری بھی ہے کہ الیکشن پراسس کو مکمل کرے تاکہ کراچی کے عوام اپنے منتخب افراد کے ذریعے تعمیر و ترقی کا سفر طے کر سکیں۔