پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کا فیصلہ نہیں کیا۔ فیصل کریم کنڈی


پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے نئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کا فیصلہ نہیں کیا،صوبے میں قیام امن کے معاملات پر، سراج الحق، آفتاب شیر پاو سمیت مختلف سیاسی شخصیات سے رابطہ کرکے اعتماد میں لیا ہے،  پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی باتیں کرکے فوج کو  جان بوجھ کر سیاست میں دھکیل رہی ہے،کابینہ کا حصہ بننے کا فیصلہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے فورم  پرکیا جاتا ہے۔

ایک انٹرویومیں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ایک طرف پی ٹی آئی آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے بات چیت کا کہہ رہی ہے دوسری جانب پی ٹی آئی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی دخل اندازی کی بات کر رہی ہے، پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی باتیں کرکے فوج کو  جان بوجھ کر سیاست میں دھکیل رہی ہے۔گورنر خیبر پختونخوا  کا کہنا تھا کہ  حلف برداری میں وزیراعلی یا کابینہ کی نمائندگی نہ ہونے پر مجھے کوئی تکلیف نہیں، مسائل کے حل کے لیے وزیراعلی ہاؤس سمیت کہیں بھی جاسکتاہوں، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کریں گے، سیاسی جماعتوں کو بالآخر سیاسی جماعتوں سے ہی بات چیت کرنا پڑتی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے مزیدکہا کہ سیاسی جماعتوں کو انتخابات کے حوالے سے تحفظات ہوں گے، تحفظات کے ازالے کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آفتاب شیر پاؤ  اور  سراج الحق سمیت مختلف سیاسی شخصیات سے رابطہ کرکے انہیں اعتماد میں لیا ہے، خیبرپختونخوا کو امن وامان اور  معاشی بدحالی جیسے مسائل کا سامنا ہے، وفاق سے جڑے صوبے کے مسائل افہام و تفہیم سے حل کریں گے۔