عدالت العالیہ میں ججز کی عدم تعیناتی، آزادکشمیر بھر کی بار ایسوسی ایشنزکے وکلاء احتجاج کریں گے


مظفرآباد(صباح نیوز)عدالت العالیہ میں ججز کی عدم تعیناتی،آزاد جموں و کشمیر بار کونسل نے 16دسمبر 2021ہڑتال کی کال دے دی۔

بار کونسل کی کال پر آج آزادکشمیر بھر کی بار ایسوسی ایشنز کے وکلاء احتجاج کریں گے۔

وائس چیئرمین بار کونسل فیاض حیدر نوابی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عدالت العالیہ میں ججز کی تعیناتی میں تاخیر انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔آئین و قانون کے مطابق فوری تعیناتیاں کر کے ریاستی ڈھانچے کو مکمل اور آئینی خلاف ورزی کو روکا جائے۔بار کونسل آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے گی۔

اور عدالت العالیہ میں ججز کی تعیناتی میں تاخیر مزید کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔وائس چیئرمین نے کہا بار کونسل وکلاء کا ایک اعلی ادارہ ہے۔اس کی قرار دادوں پر فوری طور پر عملدرآمد کیا جانا انتہائی ضروری ہے۔

ارباب اختیار حالات کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے آزادکشمیر عدالت العالیہ میں ججز تعیناتی کر کے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کو یقینی،وکلاء میں پایا جانے والا اضطراب اور اہل مقدمات کی پریشانیوں کو دور کریں۔

اس لئے بار کونسل کا مطالبہ ہے کہ ہائی کورٹ میں فی الفور آئین میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق ججز تعینات کیے جائیں۔بصورت دیگر 25دسمبر سے قبل ججز کی تعیناتی عمل میں نہ لائی گئی تو بار کونسل آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی جو انتہائی سخت ترین ہوگااور آزادکشمیر عدلیہ کو بند کر کے ڈی چوک اسلام آباد میں دھرنا دیا جائے گا۔

یہ بات آزاد جموں و کشمیر بار کونسل سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتائی گئی ہے۔