اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے 47ویں اراکین جنرل کونسل کے اجلاس میں گلگت بلتستان کے حوالے سے قرار منظور کر لی گئی۔
قرارداد میں حکومت گلگت بلتستان کی طرف سے گندم کی قیمت میں اضافہ کی پالیسی کومسترد کرتے ہوئے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ،عبوری آئینی صوبہ گلگت بلتستان کے مسائل کا حل نہیں، گلگت بلتستان کے عوام کو آزادکشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے ، گلگت بلتستان کے عوام اندھیر ے میں جبکہ اسلام آباد کے حکمران روشنیوں کا مزہ لوٹ رہے ہیں ،حکمرانوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے جینے کا حق چھین لیا آٹے کے نام پر بھوسہ کھلایا جارہا ہے یہاں کے اداروں میں رشوت عام جبکہ میرٹ کو ختم کر دیا ہے
اجلاس گلگت بلتستان کے عوام کا اپنے حق کے لیے سڑکوں پر نکلنا خوش آئندقراردیتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت کو عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہیے تا کہ انہیں اپنے مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر نہ نکلنا پڑے حکومت کو اس اہم ایشو پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے
گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے لیکن سی پیک کے اہم بڑے منصوبوں میں اسے نظر انداز کیا گیا ہے سی پیک میں شامل بجلی کے منصوبوں کو گلگت بلتستان منتقل کیا جائے حکمران کم وسائل والے علاقوں پر رحم کریں وزرا ،مشیران اور کوآرڈنیٹرز کی فوج ظفر موج کو کم کیا جائے ۔