حساس انکوائری کی معلومات افشا کرنے کے الزام میں پولیس افسر گرفتار


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد پولیس کے افسر کو حساس انکوائری کی معلومات افشا کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس افسر کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ایف آئی آردرج کر لی گئی۔

 نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ میں تعینات اے ایس آئی ظہور کو ایف آئی اے کے کاوئنٹر ٹیرارزم ونگ نے باقاعدہ طور پر گرفتارکر لیا ہے۔ درج ایف آئی آر کے مطابق گرفتار پولیس افسر نے حساس مقدمہ کی انکوائری رپورٹ غیر ملکی سفارتکار کے ساتھ شیئر کی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق اے ایس آئی کی غیر ملکی سفارتکار کے ساتھ جناح ایونیو پر ملاقات ہوئی تھی اور مبینہ طورپر اے ایس آئی نے رشوت وصول کی تھی ۔ گرفتار اے ایس آئی کے قبضہ سے دو موبائل فون، لیپ ٹاپ اوریوایس بیز بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ایف آئی اے نے باقاعدہ طورپر ظہور احمد کا ریمانڈ لے کراس سے تفتیش شروع کردی ہے اور دیکھا جارہا ہے کہ مزید اس نے کس، کس کو کیا معلومات فراہم کی ہیں۔