مظفر آباد(صباح نیوز)حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ معتبر،بے خوف اور عظیم شخصیات عارف قریشی، ولی محمدعادل اورعین غین چو گلی تحریک آزادی کشمیر کا اثاثہ تھیں۔
متحدہ جہاد کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے کہا کہ معروف آزادی پسند صحافی عارف قریشی،وارث شہدا ولی محمدعادل سوپور اور معروف آزادی پسند قانون دان عین غین چوگلی کی جدائی انتہائی تکلیف دہ ہے اللہ تعلی ان کا متبادل عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم عارف قریشی تحریک آزادی کشمیر کے سچے عاشق تھے۔بے خوف اور بے باک انداز میں صحافتی میدان میں تحریک آزادی کشمیر کی ترجمانی کرتے تھے۔ولی محمد عادل سوپور نہ صرف خود تحریک آزادی کشمیر کیلئے جدوجہد میں مصروف تھے بلکہ اس جدوجہد میں ان کے فرزند خورشید عادل نے بھی 1990میں جام شہادت نوش کیا۔عین،غین چوگلی 60کی دہائی میں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے کئی بار جیل گئے اور تب سے آخری سانس تک اپنے ضمیر کا سودا نہیں کیا۔
سید صلاح الدین نے کہا کہ یہ معتبر،بے خوف اور عظیم شخصیات تحریک آزادی کشمیر کا اثاثہ تھیں۔ان کی جدائی سے کافی صدمہ پہنچا،لیکن یہ بھی ایک اٹل حقیقت ہے کہ ہر نفس کو موت کا مزہ چکھنا ہے اور اس دنیا سے دائمی دنیا کی جانب جانا ہے۔
جہاد کونسل کے سربراہ نے ان شخصیات کی بلندی درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ان پاک نفوس کی جلائی ہوئی شمع کو کسی بھی صور ت بجھنے نہیں دیا جائیگا۔