ولی محمد عادل تحریک آزادی کشمیر کے بے باک رہنما تھے،غلام محمد صفی


 اسلام آباد:تحریک حریت جموں وکشمیر کے کنوینر برائے پاکستان آزاد کشمیر غلام محمد صفی نے حق آزادی کے لیے کٹ مرنے والے دلیر کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان ملت کی آ برو ہیں۔ ان کے بندوق سے نکلنے والی ہر اک گولی  سے بھارتی غرور اور گھمنڈ کے مینار زمین بوس ہورہے ہیں۔ عزم اور یقین کے ساتھ آ گے بڑھتے رہنا ہے یہی کامیابی کی ضمانت ہے،بھارت کو صرف طاقت کی زبان سمجھ آتی ہے۔

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر  کے رہنما ولی محمد عادل کی وفات پر ایک تعزیتی مجلس سے خطاب میں تحریک حریت کے کنوینر غلام محمد صفی نے  جموں وکشمیر میں بھارتی خفیہ اداروں اور بدحواس فوجیوں کی حالیہ بزدلانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا، بھارت ہر اس آواز کو دبانا اور ختم کرنا چاہتا ہے جو بے خوف اور بیباک ہوکر حق کی ترجمانی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرضی الزامات کے تحت حریت پسند کشمیریوں کو جیلوں میں بند کیا جاتا ہے۔ ان کا کوئی خاطر خواہ علاج نہیں ہوتاہے جس کی وجہ سے ان کی صحت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ بھارت جیلوں میں محبوس لوگوں کو بنیادی طبی سہولتوں سے محروم کرکے ا ن کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کرکے بین الاقومی قوانیں کی صریحا خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے۔ ایسی حالت میں بین الاقومی برادری اور خاص طور انسانی حقوق کی خاطر کام کرنے والی تنظیموں پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لے کر انسانی زندگیوں کے اتلاف سے ظالم وجابر بھارت کو روکے۔

ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی اور محمد اشرف صحرائی جیسے قد آ ور، مخلص قائدین کا خلا پر کرنا اتنا آسان نہیں لیکن ہمیں امید قوی ہے کہ تحریک آزادی کے راہنمااپنی قوم کی ا مید پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ولی محمد عادل حق کی خاطر اپنا تن من اور دھن لٹانے والے عظیم انسان تھے۔ ا ن کا ایک بیٹا آزادی وطن کی خاطر اپنی جان کا نزارنہ پیش کرچکا ہے اور دوسرا  بھی حریت کا نفرنس میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں