کل جماعتی حریت کانفرنس کا مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مودی سرکار کی کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف 15فروری کوہڑتال کا اعلان


سرینگر(صباح  نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں مودی سرکار کی کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف 15فروری ریاست گیرہڑتال کی کال دیتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ  اس روز مکمل احتجاجی ہڑتال کر یں اورہندوتوا بی جے پی آر ایس ایس کی منصوبہ بند پالیسی کے خلاف تمام سیاسی اختلاف ختم کرکے متحد ہوکر اپنی آواز بلند کریں اور غاصب کو اپنے اوپر سوار نہ ہونے دیں ،کشمیر ہمارا ہے اور اس کی حفاظت ہماری زمہ داری ہے

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں سے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ان کی جائیدادیں اور زمین چھین کر ان کی شناخت ختم کی جارہی ہے ،کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق چھین کر انہیں بدترین سیاسی غلامی میں دھکیلا جارہاہے ، حریت کانفرنس نے کشمیریوں پر زوردیا کہ وہ اپنی نسل کے مستقبل اور ان کی پہچان کو بچانے کے لے یکجہتی کے ساتھ آواز بلند کریں

ترجمان حریت نے کہا کہ پانچ اگست 2019 کو بی جے پی حکومت نے دفعہ 370 اور 35-A کو منسوخ کرکے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ،بھارتی انتظامیہ نے علاقے میں اوقاف اور کمرشل اراضی پر قبضے کی مہم بڑے پیمانے پر شروع کررکھی ہے ،ان سا رے اقدامات کے ذریعے کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جارہا ہے

حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کریں اور ظالم کو اپنے اوپر سوار نہ ہونے دیں ،کشمیریوں کے لئے ہندو توا بی جے پی آر ایس ایس کی منصوبہ بند پالیسی کے خلاف تمام سیاسی اختلاف ختم کرکے متحد ہونے کا وقت آیا ہے ،ترجمان نے کہاکہ بی جے پی حکمران انسداد تجاوزات کے نام پر شروع کی گئی نام نہاد مہم کے دوران کشمیریوں کی اراضی چھین کر غیر کشمیریوں کو آباد کرکرکے کشمیریوں کی شناخت چھین رہے ہیں

حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی نسل کا مستقبل اور اپنی شناخت بچانے کے لئے بدھ کو پوری ریاست میں مکمل ہڑتال کریں اور متحدہوکر اپنے سیاسی اختلاف بالائے طاق رکھتے ہوئے مودی سرکار کے اس خطرناک کھیل کے آگے ڈٹ جائیں اور اسے ناکام بنائیں کیونکہ مقبوضہ جموں و کشمیر ہم سب کا اور اس کی حفاظت ہماری ذمہ داری بنتی ہے،ہڑتال کے سلسلے میں کشمیر کے طول وعرض میں پوسٹرز چسپاں کئے گئے ہیں جن میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے کشمیری عوام کو بدھ کو بھرپور احتجاجی ہڑتال کرنے کی اپیل کی گئی  ۔